جیکب آباد (رپورٹ: اے جی بلوچ) تحریک آزادی فلسطین کے خلاف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد “امن بورڈ” کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور آئی ایس او کے زیر اہتمام ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا۔
نماز جمعہ کے اجتماع میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صوبائی ارگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کا یہ امن بورڈ دراصل تحریک آزادی فلسطین پر حملہ ہے۔ پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر اس بورڈ میں شمولیت اختیار کرنا پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کے ساتھ غداری کے مترادف ہے۔
نماز جمعہ کے بعد مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستانی قوم کے تمام طبقات فلسطین اور اس کی تحریک آزادی کے ساتھ ہیں، اور کسی کو بھی قبلہ اول اور بیت المقدس کے مقدس مقام کو سودا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ٹرمپ اور امریکہ کے ہاتھ 70 ہزار بے گناہ فلسطینیوں کے خون سے رنگین ہیں اور امریکا کا امن منصوبہ صرف ایک دھوکہ اور فریب ہے۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ کے صوبائی صدر سید غلام شبیر نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے امریکی سازش کو مسترد کیا ہے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے کھڑا رہنا ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او جیکب آباد کے ضلعی صدر اظہار الحسن نے کہا کہ ہم تحریک آزادی فلسطین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاکستانی حکمرانوں کی بیت المقدس اور فلسطین کے ساتھ خیانت ناقابل معافی جرم ہے۔