عمرکوٹ سندھ (بیوروچیف زیب بنگلانی) کُنری پولیس کا بلوچ پاڑه کنری میں قائم منشیات کے اڈے پر چھاپا، خواتین کے حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی۔
کُنری پولیس نے بدنامِ زمانہ منشیات فروش گجر بلوچ کی گرفتاری کے لیے بلوچ پاڑه میں قائم منشیات کے اڈے پر چھاپا مار کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران علاقہ مکینوں خصوصاً خواتین کی جانب سے پولیس پارٹی پر شدید حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار احمد نواز گردھاری لال اور شریف کھوسو زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کنری پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ 50 سے زائد مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ منشیات فروش گجر بلوچ بلوچ پاڑے میں منشیات فروشی میں ملوث ہے، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران اچانک بڑی تعداد میں خواتین اور افراد جمع ہو گئے اور پولیس پر پتھراؤ اور تشدد شروع کر دیا۔
حملے میں زخمی ہونے والے تینوں پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے دوسری جانب بدنام منشیات فروش کو چھڑانے کے لیئے خواتین نے مین امریکن چوک پر روڈ بند کر کے دھرنا دیا جسے پولیس نے لیڈی پولیس کی مدد سے ختم کرتے ہوئے موجود خواتین کو موبائل میں ڈال کر تھانے منتقل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر اضافی نفری طلب کر کے علاقے کو کنٹرول میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ منشیات کے خاتمے کے لیے آپریشن مزید تیز کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔