اہلِ علاقہ کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس کا مطالبہ — ٹوٹا پھوٹا راستہ، مریض اور طلبہ سب بے بس ۔
( ڈیرہ غازی خان چوھدری احمد بیوروچیف ڈیلی جستجو )
مانکہ کینال چور پل سے اسٹیشن یارو ڈی جی کینال تک تقریباً 3 کلومیٹر سے زائد طویل سڑک گزشتہ تین سال سے مکمل تباہ حالی کا شکار ہے۔ جگہ جگہ بڑے بڑے روڑے، پتھر اور گڈھے عوام کے لئے سفر کو عذاب بنا چکے ہیں۔
اہل علاقہ کے مطابق متعلقہ ٹھیکیدار نے صرف بڑا پتھر ڈال کر کروڑوں روپے کی رقم ہڑپ کی اور غائب ہوگیا، جبکہ نئی حکومت اور منتخب نمائندے اس سنگین مسئلے پر مکمل خاموش نظر آتے ہیں۔
روزانہ اس سڑک سے ہزاروں افراد سفر کرتے ہیں، مگر چھوٹی گاڑیاں، موٹرسائیکل، سائیکل تک چلانا ناممکن ہوگیا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ:
مریض شہر پہنچنے سے پہلے ہی مزید بیمار ہوجاتا ہے، راستہ ہی اس کے لئے اذیت بن جاتا ہے۔
سکول و مدراس کے بچے، بوڑھے اور خواتین شدید ترین مشکلات سے دوچار ہیں۔
لاکھوں روپے کی گاڑیاں روڈ کی خرابی سے روزانہ تباہ ہورہی ہیں۔
سابق ممبران و معتبر شخصیات محمد رمضان عمرانی، غلام فرید عمرانی، اللہ وسایا، محمد طارق، عبدالعزیز، حمید کھوسہ، حفیظ، یوسف عمرانی، عثمان کرمانی سمیت درجنوں نوجوان طالب علموں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ضلعی انتظامیہ اور منتخب عوامی نمائندوں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی سڑکیں تو بن رہی ہیں مگر اس اہم ترین روڈ پر شاید کسی کی نظر کرم نہیں پڑ رہی۔
اہل علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس روڈ کو فوری طور پر ازسرِنو تعمیر کرایا جائے، تاکہ ہزاروں کی آبادی کو درپیش شدید مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔