ٹھٹہ (بیوروچيف: ایم اعجاز چانڈیو مہرانوی)
ضلع ٹھٹہ کی پولیس نے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری اور ڈکیتی میں ملوث ایک منظم گینگ کے دو مرکزی ملزمان سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے 20 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں، جبکہ شہر میں مختلف وارداتوں میں ملوث مزید تین ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ٹھٹہ وحید لاڑک، ڈی ایس پی یو ٹی ٹھٹہ واجد اکبر عباسی، ایس ایچ او ٹھٹہ تھانہ ضیاد نوناری، ایس ایچ او مکلی تھانہ الہوسایو نہڑی، ون فائیو انچارج مختیار بروہی اور ٹھٹہ ٹاؤن انچارج شاہ رخ کھنبھاتی نے ٹھٹہ تھانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹھٹہ اور مکلی تھانوں کی پولیس نے ون فائیو کی ٹیموں کے ہمراہ مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران موٹر سائیکل چوری اور ڈکیتی کرنے والے گینگ کے دو مرکزی ملزمان جمیل گندرو اور علی رضا قمبراانی کو گرفتار کیا گیا، جن کی نشاندہی پر مزید چھاپے مار کر 20 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ کے دیگر فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ٹھٹہ شہر میں مختلف نوعیت کی چوریوں میں ملوث ملزمان پیارو ملاح، ریاض جوکھیو، راحیل میمن، سلمان میمن اور جاوید عباسی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جن کے قبضے سے چوری شدہ بیٹریاں، چارجرز، گیس سلنڈر، ساؤنڈ سسٹم، ایل سی ڈی اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کارروائی کے دوران مویشی چوری میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کر کے ایک چوری شدہ بھینس برآمد کی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ضلع بھر میں مختلف جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔