19 فروری سے پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز ہو گیا
آکلینڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 فروری2026ء) وہ ممالک جہاں دنیا میں سب سے آخر میں رمضان المبارک کا آغاز ہو گا، 19 فروری سے پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان المبارک 18 اور 19 فروری سے شروع ہو چکا ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت چند ممالک میں 18 فروری کو رمضان المبارک کا آغاز ہوا،جبکہ پاکستان سمیت دنیا کے بیشترممالک میں 19 فروری کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ تھا۔تاہم دنیا کے 2 ممالک ایسے بھی ہیں جہاں 19 فروری کو بھی رمضان المبارک کا آغاز نہیں ہوا۔ ان دونوں ممالک میں دنیا میں سب سے آخر میں رمضان المبارک کا آغاز ہو گا۔ 2 ممالک فجی اور نیوزی لینڈ میں رمضان کا آغاز جمعہ 20 فروری سے ہوگا۔
دونوں ممالک میں رمضان کا چاند 18 فروری کی شام کو نظر نہیں آیا، جو کہ اسلامی مہینے شعبان کی 29 تاریخ تھی۔ اس صورتحال کے بعد نیوزی لینڈ کی مذہبی تنظیم فیڈریشن آف اسلامک ایسوسی ایشنز آف نیوزی لینڈ اور فجی کی تنظیم فجی مسلم لیگ نے اعلان کیا کہ 19 فروری کو شعبان کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے اور 20 فروری بروز جمعہ رمضان المبارک کا پہلا دن ہوگا۔دونوں ممالک کی تنظیموں نے اپنے بیانات میں وضاحت کی کہ فلکیاتی حساب کے مطابق بھی ان ممالک کے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے اس تاریخ کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں تھا، نہ آنکھ سے دیکھا جاسکتا تھا اور نہ ہی دوربین کی مدد سے۔ چونکہ ان ممالک میں رمضان کے آغاز کا فیصلہ مقامی چاند دیکھنے پر کیا جاتا ہے، اس لیے اسی اصول کے مطابق اعلان کیا گیا۔ واضح رہے کہ 18 فروری سے روزے رکھنے والے ممالک میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت، بحرین، قطر، افغانستان، لبنان، فلسطین اور سوڈان شامل ہیں۔ اسی طرح 19 فروری سے رمضان شروع کرنے والے ممالک میں عمان، برونائی، بھارت، پاکستان اور مصر سمیت دنیا کے بیشتر ممالک شامل ہیں۔