بنوں (اوصاف نیوز) بنوں کے علاقے گلبدین لنڈیڈک میں مسلح افراد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) یوتھ ونگ تحصیل بکاخیل کے صدر نصیب الرحمان کو بیٹے اور 2 دوستوں سمیت قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد ایک ہی گاڑی میں سوار تھے کہ گھات لگائے مسلح افراد نے ان پر اچانک فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں نصیب الرحمان، اس کا بیٹا حامد جبکہ امن کمیٹی کے دیگر ارکان ضیاء اللہ اور سپاہی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ علاقے میں امن کمیٹی نے دہشت گردوں سے مزاحمت کرتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت ہتھیار اٹھا لیے ہیں جس کے باعث علاقے میں حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں۔
واقعے کے بعد خوف وہراس پھیل گیا جب کہ شہریوں نے سیکیورٹی خدشات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور اسے قبل از وقت دہشت گردی قرار نہیں دیا جاسکتا۔