لاہور ائیرپورٹ پر مجموعی طور پر 22‘ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 18 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کی گئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مارچ2026ء) ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی مختلف ائیرلائنز کی 156 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور ائیرپورٹ پر مجموعی طور پر 22 بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہوئی ہیں، اسی طرح اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بھی 18 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کی گئیں جس کے باعث بڑی تعداد میں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ملتان، سیالکوٹ، پشاور اور کوئٹہ ائیرپورٹس سے مشرق وسطیٰ جانے والی متعدد پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں جب کہ کراچی سے بھی آج مشرق وسطیٰ کے مختلف شہروں کے لیے پروازوں کو منسوخ کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ امریکہ و اسرائیل اور ایران کی جنگ کے باعث کئی خلیجی ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کردی، علاقائی کشیدگی کے باعث دبئی کے ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن تاحکم ثانی معطل کردیا گیا، حکام کی جانب سے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) اور دبئی ورلڈ سنٹرل المکتوم انٹرنیشنل (DWC) میں فلائٹ آپریشنز کو اگلے نوٹس تک معطل کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہوائی اڈے کا سفر نہ کریں اور پروازوں کی تازہ ترین صورتحال کے لیے اپنی ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔