عمرکوٹ سندھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر زیب بنگلانی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قومی اسمبلی کی رکن نيلم کماری نے کنری، سامارو، بودر فارم اور آس پاس کے علاقوں کا دورہ کیا اور مختلف فوتگیوں پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اقلیتی ایم این اے نيلم کماری نے کنری، سامارو، بودر فارم، گپنو کے مختلف گاؤں اور علاقوں میں جا کر مرحومین کے ورثاء سے ملاقات کی اور ان کے دکھ میں شریک ہوئیں۔ وکیل کے گاؤں میں ڈاکٹر گلجی سیبرا کی وفات پر ان کے بھائی پنھون مل سے تعزیت کی۔سماجی رہنما نول رائے کے والد موہن لال کے وچھوڑے انکے ہاں پہنچ کر دکھ میں شریک ہوئیں۔گاؤں گلو میگھواڑ میں دیارام کی بیوی کے انتقال پر، پریم کمار کے بیٹے کی اچانک وفات پر بھی تعزیت کی۔ سرون گوئيل اور ماسٹر بھیمون مل کے ساتھ سرون کے والد چترو مل کے دیہانت پر گاؤں پہنچ کر دکھ کا اظہار کیا۔ نيلم کماری نے کہا کہ دکھ اور غم کے اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی ہمدردی اور ایک دوسرے کے دکھ میں شریک ہونا ہماری سماجی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ایم این اے نيلم کماری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عوام کی خوشی اور غم میں ان کے ساتھ رہی ہے اور مشکل وقت میں لوگوں کی مدد کرنا اپنا فرض سمجھتی ہے۔ انہوں نے مقامی رہنماؤں کو ہدایت دی کہ وہ بھی متاثرہ خاندانوں سے رابطہ برقرار رکھیں اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ اس موقع پر مقامی رہنماؤں، علاقے کی معزز شخصیات اور پارٹی کارکنان بھی شریک ہوئے اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ سماجی حلقوں نے ایم این اے کے دورے کو سراہا اور کہا کہ عوامی نمائندگان کا اس طرح لوگوں سے رابطہ بھروسے کا ماحول پیدا کرتا ہے۔ علاقے کے باشندوں نے امید ظاہر کی کہ ایم این اے نيلم کماری مستقبل میں بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں گی اور دکھ کے وقت میں لوگوں کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔ بعد ازاں، ایم این اے نيلم کماری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما میر امان اللہ تالپر کے گاؤں مورجھنگو میں منعقدہ چائے پارٹی میں بھی شرکت کی۔





