دھابیجی کے قریب واٹر بورڈ کے نالے میں پیش آنے والے ایک خطرناک واقعے میں باپ اور بیٹے کو موت کے منہ سے بحفاظت نکال لیا گیا

ٹھٹہ ڈسٹرکٹ رپوٹر ایم اعجاز چانڈیو مہرانوی)
دھابیجی کے قریب واٹر بورڈ کے نالے میں پیش آنے والے ایک خطرناک واقعے میں باپ اور بیٹے کو موت کے منہ سے بحفاظت نکال لیا گیا۔ کہاوت ہے کہ “جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے”، اور یہ واقعہ اس کی جیتی جاگتی مثال بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق صدام حسین کلمتی اپنے کمسن بیٹے جہانزیب کلمتی کے ساتھ واٹر بورڈ کے نالے کے قریب موجود تھا کہ اچانک پیر پھسلنے کے باعث دونوں نالے میں جا گرے۔ نالے میں پانی کے تیز بہاؤ اور گہرائی کی وجہ سے صورتحال نہایت تشویشناک ہوگئی اور دونوں کئی گھنٹوں تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی۔ ریسکیو ٹیموں اور علاقہ مکینوں نے مشترکہ طور پر تقریباً چار گھنٹے تک مسلسل جدوجہد کی اور انتہائی مشکل حالات میں امدادی کارروائی جاری رکھی۔
بالآخر ریسکیو 1122 کی بھرپور کوششوں کے نتیجے میں باپ اور بیٹے کو بحفاظت نالے سے نکال لیا گیا اور انہیں طبی امداد کے لیے قریبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
اس واقعے کے بعد علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور لوگوں نے ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی اور بہادری کو خوب سراہا۔ مقامی افراد نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے خطرناک مقامات پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *