حکومت کا کسانوں سے انتہائی کم قیمت پرخریدی گئی گندم 4 ہزار 150 روپے فی من کی قیمت پر فروخت کرنے کا فیصلہ

ای سی سی اجلاس میں ذخیرہ لاگت کم کرنے، ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز منتقل کرنے اور تکنیکی گرانٹس کی منظوری دے دی گئی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – آن لائن۔ 24 فروری2026ء) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اہم اجلاس منگل کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی زرعی ذخائر، گندم کی فروخت، ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز اور دیگر مالی امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر انوائرمنٹ اسفند یار بلوچ، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ای سی سی نے پاکستان اسٹاک ہولڈنگ کمپنی (PASCO) کے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم ذخیرے کو فروخت کرنے کی منظوری دی۔ گندم کی فروخت مسابقتی بولی کے ذریعے “فرسٹ اِن فرسٹ آؤٹ” اصول پر کی جائے گی تاکہ ذخیرہ لاگت میں کمی اور مارکیٹ میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس میں مقامی گندم کی نئی ریزرو قیمت 4,150 روپے فی 40 کلو اور درآمدی گندم کی ریزرو قیمت 3,800 روپے فی 40 کلو مقرر کی گئی۔دیگر اہم فیصلو ں میں پاکستان زرعی ذخیرہ و خدمات کارپوریشن کے گندم اسٹاک کی نیلامی کی منظوری۔ سابقہ پاک پی ڈبلیو ڈی منصوبوں کے لیے 53 کروڑ 60 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز منتقل کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ۔ سی اینرجیکو کے پیٹرولیم لیوی واجبات سے متعلق رپورٹ مزید جائزے کے لیے مؤخر کردی گئی ۔ای سی سی نے اجلاس میں مالی اور زرعی شعبے میں شفاف اور مؤثر انتظامات پر زور دیا اور ملکی ترقیاتی و زرعی منصوبوں کے فروغ کے لیے اقدامات کو مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *