اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 27 فروری2026ء) سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے اسے واپس کر دیا۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ اور نعیم پنجوتھہ عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران لطیف کھوسہ نے عدالت سے درخواست مقرر کرنے کی استدعا کی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ درخواست اعتراضات کے ساتھ گزشتہ روز واپس کی جا چکی ہے اور ایسی کوئی درخواست زیرِ التوا نہیں جس پر کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ درخواستیں تاحکمِ ثانی زیر التوا رہیں گی اور رجسٹرار آفس سے اعتراضات کی کاپی حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا معاملہ اس وقت زیر التوا نہیں اور انسانی بنیاد پر ہی میڈیکل چیک اپ کروایا گیا تھا۔جسٹس شاہد بلال حسن نے لطیف کھوسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں 1992 سے جانتے ہیں اور وہ اچھی طرح سمجھ رہے ہیں کہ کیا کہا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس نے بھی ریمارکس دیے کہ کھوسہ صاحب سینئر وکیل ہیں اور سپریم کورٹ کا طریقہ کار جانتے ہوں گے۔
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے واپس کر دی