باجوڑ (نیوز ڈیسک) سیکیورٹی صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث باجوڑ ضلعی انتظامیہ نے 39 تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ڈی ڈی او باجوڑ لودن شاہد کے مطابق متاثرہ اداروں میں تحصیل وادہ ماموند کے 9، لوئی ماموند کے 16 اور ناوگئی کے 14 اسکول شامل ہیں۔ یہ تمام اسکول پاک افغان سرحد کے قریب حساس علاقوں میں واقع ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ بندش کے دوران تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی، اور ایک ہفتے بعد سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے کر اسکول دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
باجوڑ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام متعلقہ اسکولوں کو نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد طلبہ اور تدریسی عملے کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔