اسرائیل نے سپریم لیڈر کی نگرانی کے لیے تہران کے ٹریفک کیمروں اور فون سسٹم کو ہیک کیا: رپورٹ
تہران: برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے ایرانی سپریم لیڈر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے تہران کے کیمرے اور موبائل فون نیٹ ورک ہیک کر لیے۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے کئی موجودہ اور سابق اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکاروں کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اسرائیل نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے برسوں سے تہران کے ٹریفک کیمروں اور موبائل فون نیٹ ورکس کو ہیک کیا۔
رپورٹ کے مطابق تہران کے تقریباً تمام ٹریفک کیمرے خفیہ طور پر اسرائیلی سرورز سے منسلک تھے اور ان کی ریکارڈنگ خفیہ طور پر منتقل کی جاتی تھی۔
ایک ذریعے نے بتایا کہ ایک مخصوص کیمرہ زاویہ خامنہ ای کی ذاتی گاڑیوں کی پارکنگ اور ان کی روزمرہ کی سرگرمیوں کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرتا ہے۔
اخبار کے مطابق جدید ترین طریقوں اور سوشل نیٹ ورک کے تجزیے کے ذریعے خامنہ ای کے سیکیورٹی عملے کے ارکان کے بارے میں تفصیلی معلومات اکٹھی کی گئیں جن میں ان کے پتے، ڈیوٹی کے اوقات اور ذمہ داریاں شامل تھیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب موبائل فون ٹاورز کے کچھ حصوں کو متاثر کیا ہے تاکہ سیکیورٹی عملے کو پیشگی اطلاع نہ مل سکے۔
ذرائع کے مطابق سگنلز نے تصدیق کی کہ حملے کی صبح خامنہ ای اور دیگر اعلیٰ حکام کمپاؤنڈ میں موجود تھے۔