تہران: ایران کے پاسداران انقلاب نے امریکی F-15 لڑاکا طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے امریکی لڑاکا طیارے کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور امریکی ایف 15 لڑاکا طیارے کو جنوب مغربی سرحد کے قریب مار گرایا گیا۔
دوسری جانب امریکی حکام نے ایران کی جانب سے لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ X (سابقہ ٹویٹر) پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں امریکی F-15E لڑاکا طیارہ گرائے جانے کی افواہیں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔
سینٹ کام کے حکام نے یہ بھی کہا کہ امریکی طیارہ مار گرائے جانے سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اگر ایرانی پاسداران انقلاب کا دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ چوتھا F-15 لڑاکا طیارہ ہو گا جو امریکہ اور اسرائیل کے درمیان ایران کے ساتھ حالیہ جنگ میں کھو گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کویتی فضائیہ نے غلط فہمی کی بنیاد پر تین امریکی ایف 15 لڑاکا طیاروں کو اپنی فضائی حدود میں مار گرایا تھا جس کی تصدیق امریکی حکام نے بھی کی تھی۔
دوسری جانب ایران امریکہ جنگ میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں ایران میں 175 طالبات اور اساتذہ سمیت 1230 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ایران کے اسرائیل پر حملوں میں اب تک 11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی حملوں میں 6 امریکی فوجی مارے گئے ہیں، لبنان پر اسرائیلی بمباری میں 77 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جب کہ بحرین پر ایرانی حملے میں 1 شخص ہلاک ہوا ہے، کویت پر حملے میں 2 کویتی فوجیوں سمیت 4 افراد مارے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمان میں آئل ٹینکر پر ایرانی حملے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے جب کہ متحدہ عرب امارات میں ایرانی حملوں میں اب تک تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔