اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول کی قیمت میں 73 روپے 394 پیسے اضافے کی خبروں کی تردید کردی۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اوگرا کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 73 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 84 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافے کی کوئی سمری وزیراعظم ہاؤس کو نہیں بھجوائی گئی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان جھوٹی اور من گھڑت خبروں پر دھیان نہ دیں کیونکہ ایسی افواہیں جان بوجھ کر پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ معاشرے میں ہیجان اور بے چینی پھیلائی جا سکے۔
یہ تردید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان اپنی ضروریات کا 60 فیصد پیٹرول درآمد کرتا ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں تبدیلی کا براہ راست اثر مقامی قیمتوں پر پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو حکومت نے عالمی مارکیٹ کے دباؤ کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریکارڈ 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا جس کے بعد پیٹرول 321 روپے 17 پیسے اور ڈیزل 335 روپے 86 پیسے تک پہنچ گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قیمتوں کا تعین باقاعدہ حکومتی طریقہ کار کے تحت کیا جاتا ہے اور اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ سرکاری ذرائع سے ہی کیا جائے گا۔