لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں کمی کی تجویز پر غور شروع کر دیا گیا ہے اور ہفتہ وار تعطیلات کو ختم یا کم کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے محکمہ تعلیم نے طلبہ کی کارکردگی بہتر بنانے اور تعلیمی سال کے دوران نصاب کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے اسکولوں کی چھٹیوں میں کمی سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے۔
نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیم پاکستان ایجوکیشن فورم نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ تعلیمی سال میں ہفتہ وار چھٹیوں کو ختم یا کم کیا جائے تاکہ تعلیمی کیلنڈر کو کم از کم 180 دن تک بڑھایا جا سکے۔
فورم کے سربراہ قاضی نعیم انجم نے تجویز دی ہے کہ موسمِ گرما کی تعطیلات کو دو ماہ تک محدود کیا جائے جبکہ جنوری میں ہونے والی موسمِ سرما کی چھٹیوں کو کم کر کے 10 دن کر دیا جائے۔ ان کے مطابق گزشتہ سال غیر اعلانیہ تعطیلات کے باعث تعلیمی سرگرمیاں صرف 127 دن جاری رہ سکیں جس سے نصاب کی تکمیل میں مشکلات پیش آئیں۔
انہوں نے تعطیلات کے دوران “سمر کیمپس” متعارف کرانے کی سفارش بھی کی تاکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رہ سکیں اور نصاب کی بہتر انداز میں تکمیل ہو سکے۔
واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر پنجاب حکومت نے پہلے ہی صوبے بھر کے سرکاری و نجی اسکولوں کو 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق تعلیمی اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی تجاویز پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔