خیبر پختونخوا سے افسوسناک خبر،جا نئے کتنے اہلکار شہید ہو ئے

پشاور ( اے بی این نیوز     ) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردی کا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں علاقے بیٹنی میں پولیس گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے نتیجے میں سات پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس کی گاڑی معمول کی گشت پر تھی۔ دھماکہ انتہائی شدید تھا جس کے باعث گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والے تمام پولیس اہلکاروں کا تعلق ضلع لکی مروت سے بتایا جا رہا ہے۔

شہدا میں تھانہ شادی خیل کے ایس ایچ او انسپکٹر صدر اعظم بھی شامل ہیں۔ دیگر شہید اہلکاروں میں کانسٹیبل شاہ بہرام، کانسٹیبل شاہ خالد، کانسٹیبل حاجی محمد، کانسٹیبل گل زادہ، کانسٹیبل سخی زادہ اور کانسٹیبل نمدار شامل ہیں جنہوں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بزدلانہ کارروائی فتنہ الخوارج سے وابستہ عناصر کی جانب سے کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس واقعے سے یہ بات ایک بار پھر واضح ہو گئی ہے کہ دہشت گرد عناصر ملک میں امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم سیکیورٹی فورسز اور پولیس ان کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

سیکیورٹی حکام کا مزید کہنا ہے کہ ایسے حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری آپریشن غضب للحق انتہائی ضروری ہے اور اس کارروائی کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *