جیکب آباد: بکری کو بچاتے ہوئے نوجوان جاں بحق، ایک شخص بے ہوش حالت میں اسپتال منتقل۔

جیکب آباد کے علاقے مولا داد کے گاؤں استا بھلے ڈنون میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بکری کو بچانے کی کوشش کے دوران نوجوان احسان ککھرانی گندے پانی کے گڑھے میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق ایک بکری گندے پانی سے بھرے گڑھے میں گر گئی تھی، جسے نکالنے کے لیے احسان ککھرانی گڑھے میں اترا، تاہم وہ خود بھی گڑھے میں گر گیا۔ واقعے کے دوران امتیاز شیخ بھی متاثر ہو کر بے ہوش ہوگیا۔

مقامی افراد نے دونوں کو گڑھے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے احسان ککھرانی کے انتقال کی تصدیق کردی، جبکہ امتیاز شیخ کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال میں داخل کر لیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے اور مرحوم کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *