بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اب رقم کس طرح ملے گی؟ نیا طریقہ کار سامنے آگیا

رحیم یار خان (نیوز ڈیسک) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے صارفین کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا اگلی سہہ ماہی سے ادائیگیاں نئے ’’ڈیجیٹل والٹ‘‘نظام کے تحت ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے اعلان کیا ہے کہ پروگرام میں شفافیت لانے کے لیے پرانا ادائیگی کا نظام ختم کیا جا رہا ہے۔ اگلی سہہ ماہی سے تمام ادائیگیاں جدید “ڈیجیٹل والٹ” نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔

شیخ زید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن نے رحیم یار خان میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے جاں بحق خواتین کے لواحقین کے لیے 10، 10 لاکھ روپے کے چیک اوت زخمی خواتین کو فی کس 3، 3 لاکھ روپے کی مالی امداد کی.

سینیٹر روبینہ خالد نے واضح کیا کہ رحیم یار خان میں تقسیم کی جانے والی قسط پرانے نظام کے تحت آخری ادائیگی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ “اب سے ڈیوائسز اور رقوم کی تقسیم کے طریقہ کار کو مکمل طور پر شفاف بنایا جائے گا۔ خواتین کو رقوم کی ادائیگی بروقت، عزت اور ان کے احترام کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے ہونی چاہیے۔”

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے مزید کہا ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کٹوتیوں اور بدعنوانی کا خاتمہ ممکن ہوگا، خواتین کو لمبی لائنوں اور نامناسب حالات سے بچانے کے لیے جدید بینکنگ حل متعارف کرائے جا رہے ہیں، رقم براہِ راست مستحق خواتین کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔

چیئرپرسن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مستحق خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور کسی کو بھی غریب طبقے کی رقم میں خرد برد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *