اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرول موجودہ قیمت پر ایک ماہ تک دستیاب رہے گا عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی سوچ یہی ہے کہ آئندہ پیٹرول کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر نہ ڈالیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 390ارب روپے کا فنڈ بجٹ میں رکھا گیا تھا جو ایسی صورتحال کیلئے ہی استعمال ہونا ہے۔ آج عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کا ریٹ 170 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا ہے، پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے کا اضافہ حکومت کو مجبوراً کرنا پڑا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں علی پرویزملک نے کہا کہ اس وقت خطے میں غیرمعمولی حالات ہیں، اسرائیل اور امریکا کی ایران کے ساتھ جنگ نے خطے کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے،آبنائے ہرمز پر ہمارے دو جہاز بھی کروڈ آئل کے ساتھ پھنسے ہیں، اب کسی کو یہ نہیں معلوم کہ یہ کرائسز کب ختم ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایران جنگ کی وجہ سےعالمی سطح پر تیل قیمتیں بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، ڈبلیو ٹی آئی اور برینٹ خام تیل کی قیمت میں تیس فیصد تک اضافہ ہواہے۔
ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 24.29 فیصد اضافے سے 115 ڈالر فی بیرل کا ہوگیا، برینٹ خام تیل کی قیمت میں
23.02فیصد اضافہ ہوا ہے۔ فی بیرل قیمت 116ڈالر ہوگئی ہے۔عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت جولائی 2022 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اس سے قبل ترجمان ایرانی فوج نےایک بیان میں کہا تھا کہ دشمن تیل کی قیمت دو سو ڈالر فی بیرل سے زائد برداشت کرسکتا ہے تو کھیل جاری رکھے۔ دشمن جب تک تیل کی بڑھتی قیمتیں برداشت کرسکتا، جنگ جاری رکھے۔