تاخیر کا شکار ہونے والا رمضان پیکج آخرکار مستحقین تک پہنچنا شروع

پشاور(ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے متعارف کردہ رمضان پیکج کی تقسیم کا عمل متعدد بار تاخیر کے بعد بالآخر تیز ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ رمضان المبارک کی 10 تاریخ تک تمام مستحقین تک پیکیج کی ادائیگی یقینی بنائی جائے، تاہم انتظامی تاخیر کے باعث یہ سلسلہ 21 رمضان کو جا کر مکمل ہو سکا ہے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا ہے کہ رمضان پیکج کے تحت اب تک 9 لاکھ 12 ہزار 89 خاندانوں کو مالی امداد جاری کی جا چکی ہے، ان میں سے تقریباً ایک لاکھ 16 ہزار 737 خاندان کیش آؤٹ لیٹس سے جا کر اپنی رقم وصول بھی کر چکے ہیں۔
وزیر خزانہ مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ باقی تمام مستحقین جن کی ادائیگیاں منظور ہو چکی ہیں، وہ جلد از جلد اپنے قریبی کسی بھی جاز کیش آؤٹ لیٹ سے جا کر اپنی رقم حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عوام الناس کو سہولت فراہم کرنے کے لیے صوبے بھر میں 5 ہزار 500 سے زائد نامزد جاز کیش آؤٹ لیٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ مستحقین بغیر کسی پریشانی کے اپنی رقم وصول کر سکیں۔
یہ پیکیج عوام کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اضافی مالی کشادگی فراہم کرنے کے لیے جاری کیا گیا تھا، تاہم اس کی تقسیم میں آنے والی تاخیر پر عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی تھی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب نظام کو بہتر بنا کر ادائیگیوں کے عمل کو مزید تیز کر دیا گیا ہے اور توقع ہے کہ باقی ماندہ تمام مستحقین جلد اپنی رقم حاصل کر لیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *