لاہور: ( فریدہ خانم )،
پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹس (پی ایف یو سی) ویمن ونگ کی صدر اور سنو چینل کی پروڈیوسر مہوش فضل نے اپنی رہائش گاہ پر عید ملن پارٹی اور مینگو پارٹی کا اہتمام کیا، جس میں پی ایف یو سی سے وابستہ خواتین اراکین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔
تقریب خوشگوار، دوستانہ اور پروقار ماحول میں منعقد ہوئی جہاں شرکاء نے عید کی خوشیاں ایک دوسرے کے ساتھ بانٹیں اور باہمی محبت و اخوت کے جذبات کا اظہار کیا۔ میزبان مہوش فضل نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور اپنی خصوصی توجہ، محبت بھرے انداز اور عمدہ میزبانی سے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
اس موقع پر مہمانوں کے لئے مختلف اقسام کے لذیذ کھانوں اور دیگر پکوانوں کا اہتمام کیا گیا، جبکہ موسم کے رسیلے آم بھی تقریب کی خاص توجہ کا مرکز رہے۔ شرکاء نے کھانوں کے ذائقے، بہترین انتظامات اور مہوش فضل کی محنت کو بے حد سراہا۔ تقریب میں معروف صحافی، شاعرہ، کالم نگار اور پی ایف یو سی کی ممبر فریدہ خانم، صحافی و ممبر پریس کلب فرزانہ اقبال، ڈریس ڈیزائنر اور پی ایف یو سی ممبر نازیہ شاہد جبکہ بزنس ویمن اور کانٹینٹ کری ایٹرز صائمہ شیخ اور فرحین شیخ نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران فریدہ خانم نے مہوش فضل کو ایک خصوصی تحفہ بھی پیش کیا اور ان کی شاندار میزبانی، خلوص اور خواتین صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔ دیگر شرکاء نے بھی مہوش فضل کی مہمان نوازی اور بہترین انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات باہمی روابط کو مضبوط بنانے اور مثبت سماجی ماحول کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب خوشگوار یادوں، دوستانہ گفتگو، قہقہوں اور عید کی خوشیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جبکہ شرکاء نے مستقبل میں بھی اس نوعیت کی تقریبات کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔
“محترمہ مہوش فضل کی جانب سے عید ملن و مینگو پارٹی، پی ایف یو سی ویمن ونگ کی خواتین اراکین کی بھرپور شرکت “.
