سکولوں کی چھٹیوں توسیع کا معاملہ حل وزیر تعلیم نے بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور (اوصاف نیوز) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سکولوں کی چھٹیوں میں اضافے سے متعلق زیر گردش خبروں کو مسترد کر دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ سکولوں کی چھٹیوں میں توسیع سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، شہریوں، والدین اور طلبہ سے اپیل ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبروں پر کان نہ دھریں۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے کسی بھی قسم کی چھٹیوں میں توسیع کا اعلان صرف سرکاری ذرائع کے ذریعے کیا جاتا ہے، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ وہ مستند پلیٹ فارمز اور سرکاری بیانات پر ہی اعتماد کریں۔

انہوں نے کہا کہ غلط معلومات پھیلانا نہ صرف عوام میں بے چینی پیدا کرتا ہے بلکہ تعلیمی نظام کو بھی متاثر کرتا ہے، موجودہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور طلبہ و اساتذہ کے مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی بھی قسم کی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گزشتہ چند روز سے سکولوں کی چھٹیوں میں ممکنہ توسیع کے حوالے سے مختلف خبریں زیر گردش تھیں تاہم صوبائی حکومت نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے عوام سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *