​شارجہ عدالت کا تاریخی فیصلہ: ڈی جی خان کے نوجوان کے قتل میں ملوث 10 پاکستانیوں کو سزائے موت کا حکم


​( ڈیرہ غازی خان ( چوھدری احمد سے خصوصی رپورٹ )

متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کی عدالت نے ایک سنگین اور لرزہ خیز قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 10 پاکستانی شہریوں کو سزائے موت (قصاص) سنادی ہے۔ مقتول ریاض حسین (المعروف بسرا مریڑی) کا تعلق ڈیرہ غازی خان کے علاقے شاہ صدر دین سے تھا، جسے اکتوبر 2023 میں پرانی دشمنی کی بنا پر بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔

​واقعہ کی پس منظر اور دشمنی
​عدالتی رپورٹ کے مطابق، اس لرزہ خیز واردات کا ماسٹر مائنڈ عبدالشکور نامی شخص تھا، جس کی مقتول ریاض حسین کے ساتھ پاکستان سے دشمنی چلی آ رہی تھی۔ عبدالشکور نے اپنے رشتہ داروں کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے شارجہ میں مقیم دیگر 9 پاکستانیوں کو 50 ہزار درہم کے عوض قتل کی سپاری دی اور باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت چھریاں اور مقتول کی لوکیشن فراہم کی۔

​واردات کی تفصیلات
​اکتوبر 2023 میں ملزمان نے شارجہ کے علاقے “الشويهين” میں واقع “الوردة الصفراء” (Yellow Rose) کیفے ٹیریا میں مقتول پر اس وقت حملہ کیا جب وہ وہاں موجود تھا۔ ملزم نمبر 1 مرزا آفتاب بیگ نے مقتول کے سینے پر چھریوں کے پے در پے وار کیے، جبکہ دیگر ملزمان نے اسے گھیرا ہوا تھا تاکہ وہ فرار نہ ہو سکے۔ حملے کے دوران کیفے ٹیریا میں توڑ پھوڑ کر کے شدید خوف و ہراس بھی پھیلایا گیا۔

​عدالتی فیصلہ اور سزائے موت
​کیس نمبر 5091/2023 کی سماعت کے بعد، شارجہ عدالت کے جج محمد ابو المجد علی عیسیٰ، خالد حسن محمود الحوسنی اور ڈاکٹر عبداللہ سالم کی سربراہی میں بینچ نے ڈی این اے رپورٹس، سی سی ٹی وی فوٹیج اور ملزمان کے اعترافی بیانات کی روشنی میں تمام 10 ملزمان کو قصاص کے تحت سزائے موت کا حکم سنایا۔

​سزا پانے والے ملزمان میں شامل ہیں:

​مرزا آفتاب بیگ، 2. حسنین علی، 3. ناصر عباس، 4. خرم بیگ، 5. سجد علی، 6. قاسم علی، 7. محمد شہباز، 8. مناہل منیر، 9. سید رضوان حیدر، اور 10. عبدالشکور (ماسٹر مائنڈ)۔
​عدالت نے جرم میں استعمال ہونے والا اسلحہ ضبط کرنے اور ملزمان پر عدالتی اخراجات کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

​انصاف کا بول بالا۔مقتول بسرا مریڑی کے لواحقین اور کوٹ شاہ صدر دین کے مکینوں نے اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے انصاف کی جیت قرار دیا ہے۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ شارجہ عدالت کے اس سخت فیصلے سے بیرون ملک مقیم جرائم پیشہ عناصر کو واضح پیغام ملے گا کہ قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچ سکتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *