ملک کے بیشتر علاقوں میں 31مارچ تک بارشوں کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے افق پر بادل موجود ہیں اور 31مارچ تک وقفے وقفے سے بادل برسنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 19زیادہ سے زیادہ 31ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا بھی امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 24ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا ہے جبکہ لاہور میں وقفے وقفے سے بادل برسنے کے امکانات ہیں۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ میں بھی بارش متوقع ہے۔مزید براں ایبٹ آباد، ہری پور، بالاکوٹ، خیبر، مہمند، باجوڑ، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بنوں، لکی مروت، کرک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں برف بارری کا بھی امکان ہے علاوہ ازیں صوبہ کے میدانی علاقوں میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا گزشتہ روز سوات ، دیر، پٹن اور تیمرگرہ میں بارش ہوئی ہے، دیر میں 4، کالام ، پٹن اور تیمرگرہ میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ کیچ، پنجگور، آواران، لسبیلہ، حب، گوادر، خضدار، سوراب، قلات اور نوشکی میں بارش کا امکان ہے علاوہ ازیں خاران، مستونگ، کوئٹہ، بولان، زیارت، ہرنائی، کچھی، سبی، کوہلو اور بارکھان میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیرہ بگٹی، ژوب، موسی خیل، شیرانی، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور چمن میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔بارش کے باعث خضدار، کیچ اور شمالی اضلاع کے پہاڑی ندی نالوں میں ہلکے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔