وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر اسکول وینز کے کرائے نہ بڑھانے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا، اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو مراسلہ جاری کردیا۔
مراسلے کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ ٹرانسپورٹ فیس میں اضافے پر پابندی عائد کردی گئی ،پرائیویٹ اسکولز اور والدین کی جانب سے چلنے والی ٹرانسپورٹ پر کرایہ بڑھانے کی اجازت نہیں۔
ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود طلبہ ٹرانسپورٹ چارجز برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے،والدین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے سے روکنے کے لیے سخت احکامات جاری کئے گئے ۔
تمام تعلیمی اداروں کو احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسکول انتظامیہ یا نجی انتظام کے تحت چلنے والی ٹرانسپورٹ، دونوں پر فیصلے کا اطلاق ہوگا۔
اسکولوں کو طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ سروسز کا مکمل ڈیٹا لازمی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام وینز اور ٹرانسپورٹ سروسز کی تفصیلات حکومت کو جمع کرائی جائیں۔
تعلیمی اداروں کو وارننگ دی گئی ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہوسکتی ہے، اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو بھی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔