کراچی میں بجلی کا بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے جہاں کے الیکٹرک ( k electric)نے اعلانیہ لوڈشیڈنگ ( load shedding)کے دورانیے میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد شہر بھر میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر سخت ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ( karachi)کے مختلف علاقوں میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ نیو کراچی، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور اورنگی ٹاؤن میں روزانہ تقریباً 6 گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے، جبکہ بلدیہ ٹاؤن، ملیر، لانڈھی اور لیاری جیسے علاقوں میں یہ دورانیہ بڑھ کر 12 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔
بجلی کی مسلسل بندش کے باعث نہ صرف معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں بلکہ پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ واٹر پمپنگ اسٹیشنز بند ہونے سے شہریوں کو پانی کے حصول میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں، جس نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
کے الیکٹرک کے ذرائع کے مطابق شہر میں بجلی کی طلب 3300 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ طلب اور رسد میں تقریباً 400 میگاواٹ کا واضح فرق موجود ہے، جس کے باعث لوڈشیڈنگ میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
دوسری جانب کمپنی کے ترجمان نے بجلی کی پیداوار اور سپلائی سے متعلق تفصیلی مؤقف دینے سے گریز کیا ہے، جس پر شہریوں میں مزید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد اس صورتحال پر شدید تنقید کر رہی ہے اور فوری حل کا مطالبہ کر رہی ہے۔