تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا شیڈول تبدیل؟

لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور نصاب کو وقت پر مکمل کرنے کے لیے تعلیمی کیلنڈر میں اہم تبدیلیوں کی تجویز دی ہے۔

ان تجاویز کے تحت تعلیمی سال میں تدریسی دنوں کی تعداد 180 سے 190 دن تک بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ طلباء کے تعلیمی نقصان کو کم کیا جا سکے۔

وزیر تعلیم کے مطابق موجودہ نظام میں زیادہ تعطیلات کے باعث تدریسی وقت متاثر ہوتا ہے جس کے پیش نظر گرمیوں کی تعطیلات میں 15 سے 20 دن اور موسم سرما کی تعطیلات 5 سے 6 دن کم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

مزید برآں، تعلیمی سیشن کے انعقاد کے لیے ہر دوسرے ہفتے (متبادل ہفتہ) اسکول کھولنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق میٹرک اور او/اے لیول کے طلباء کے لیے الگ الگ تعلیمی کیلنڈر تیار کیے جائیں گے تاکہ نصاب کو بین الاقوامی امتحانات کے شیڈول کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ مارچ 2026 میں علاقائی صورتحال اور ایندھن کے بحران کے باعث اسکولوں کی طویل بندش سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئی تھیں، جس کی تلافی کے لیے یہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *