ٹھٹہ ڈسٹرکٹ رپوٹر ایم اعجاز چانڈیو مھرانوی سے
گھارو میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ، دو نوجوان زخمی، چار افراد کے خلاف مقدمہ درج
گھارو میں دو روز قبل پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ زخمی ہونے والے دونوں نوجوانوں کا علاج کراچی میں جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق گھارو میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں ساجد چانڈیو ولد اقبال چانڈیو اور رحیم ملاح شدید زخمی ہو گئے تھے۔ زخمی نوجوانوں کے ابتدائی بیان کے مطابق ان پر دانیال شاہ بخاری نے فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان زخمی ہوئے۔
واقعے میں زخمی ہونے والے رحیم ملاح کو سینے میں گولی لگی، جس کے باعث اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد دونوں زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا، جہاں اس وقت ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے بعد چار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ مقدمے میں نامزد افراد میں دانیال شاہ ولد دائم شاہ، محسن شاہ ولد ممتاز شاہ، زوہیب شاہ ولد ظفر شاہ اور ظہیر شاہ ولد ظفر شاہ شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
گھارو میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ، دو نوجوان زخمی، چار افراد کے خلاف مقدمہ درج