اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم نے بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری لانے، لائن لاسز میں نمایاں کمی اور توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔لاہور میں توانائی کے شعبے سے متعلق اصلاحات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کو گھریلو صارفین اور صنعت کے لیے بجلی کی کھپت سے متعلق سفارشات پیش کی گئیں۔
شہباز شریف نے صنعتی اور گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی سہولتوں میں بہتری اور ملک میں توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے بجلی کے نرخوں میں استحکام کے لیے جامع حکمت عملی بنانے اور بلوں کی ادائیگی کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے پر بھی زور دیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے بجلی چوری کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی ترقی کے لیے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام اور صنعتی شعبے کو ریلیف دینا ہے اور توانائی اصلاحات اسی مقصد کے تحت کی جا رہی ہیں۔