یارو تا یارو موڑ کا کروڑوں کا نیا روڈ فش فارم مافیا کی نذر، عوام خوار، ادارے خاموش ۔

ڈیرہ غازی خان چوھدری احمد سے )
فش فارم مافیا نے نیا پختہ روڈ تالاب بنا ڈالا
قوانین کی دھجیاں، سڑک کے بالکل ساتھ غیر قانونی فش فارم
کروڑوں کا منصوبہ کاغذوں میں مکمل، زمین پر تباہ حال
ایک کلومیٹر سڑک آج تک تعمیر نہ ہو سکی، ٹھیکیدار غائب
حفاظتی گولا غائب، پانی دن رات سڑک پر کھڑا
“اوکے رپورٹس” میں مبینہ کرپشن، اعلیٰ افسران کی ملی بھگت
اینٹی کرپشن، ہائی ویز اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی
وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس کا مطالبہ
( ڈیرہ غازی خان چوھدری احمد سے )
یارو تا یارو موڑ تقریباً 6 کلومیٹر طویل نئی تعمیر ہونے والی پختہ سڑک اس وقت فش فارم مافیا، ناقص منصوبہ بندی اور سرکاری غفلت کی واضح مثال بن چکی ہے۔ سڑک کے دونوں اطراف درجنوں غیر قانونی فش فارم قائم کر دیے گئے ہیں جنہوں نے قوانین کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے سڑک کے بالکل ساتھ تالاب کھود ڈالے۔
قواعد کے مطابق فش فارم پختہ سڑک سے کئی فٹ دور ہونے چاہئیں، مگر یہاں صورتحال یہ ہے کہ فش فارموں کا پانی دن رات پرانے اور نئے دونوں روڈ پر جمع رہتا ہے، جس کے باعث سڑک کی بنیاد بیٹھ چکی ہے، کٹاؤ بڑھ چکا ہے اور نئی تعمیر شدہ سڑک جگہ جگہ سے اکھڑ چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے کی لاگت سے بننے والا یہ منصوبہ کاغذوں میں مکمل ظاہر کر دیا گیا ہے، جبکہ حقیقت میں ایک کلومیٹر سے زائد سڑک آج تک تعمیر ہی نہیں کی گئی۔ مزید یہ کہ سڑک کے دونوں اطراف لازم 5 سے 7 فٹ حفاظتی گولا بھی کئی مقامات پر مکمل طور پر غائب ہے، جو کسی بڑے حادثے کو دعوت دے رہا ہے۔
انتہائی تشویشناک امر یہ ہے کہ اس تمام صورتحال کے باوجود متعلقہ انجینئرز، ایس ڈی اوز اور دیگر ذمہ دار افسران کی جانب سے “اوکے” رپورٹس جاری کر دی گئیں، جس سے اعلیٰ سطح پر مبینہ ملی بھگت اور کرپشن کے سنگین سوالات جنم لے رہے ہیں۔
عوام، راہگیر اور ٹرانسپورٹرز اس تباہ حال سڑک کے باعث ذلت، ذہنی اذیت اور مالی نقصان کا شکار ہیں، مگر اینٹی کرپشن، محکمہ ہائی ویز، ضلعی انتظامیہ اور نگرانی کے ادارے مکمل خاموش نظر آتے ہیں۔ عوامی حلقوں میں یہ سوال شدت اختیار کر گیا ہے کہ
کیا یہ نااہلی ہے یا پھر کسی کو “گھر بیٹھے مچھلی” پہنچ رہی ہے؟
عوامی مطالبہ
عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر ڈیرہ غازی خان، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ:
یارو تا یارو موڑ روڈ کا فوری موقع پر معائنہ کیا جائے
غیر قانونی فش فارم مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے
فرار ٹھیکیدار، متعلقہ انجینئرز اور افسران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے
قومی خزانے کے کروڑوں روپے کے مزید نقصان کو فوری طور پر روکا جائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *