تہران کا مقصد تجارتی راستوں کو بند کرنا نہیں ہے، ایران کی نظر میں آبنائے ہرمز تمام تجارتی بحری جہازوں کی آمد و رفت کے لیے کھلا ہے؛ نئی دہلی میں برکس وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر گفتگو
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2026ء) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا ہے۔ عالمی نیوز ایجنسی رائٹرز اور دیگر ذرائع سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں منعقدہ برکس وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ ایران کی نظر میں آبنائے ہرمز تمام تجارتی بحری جہازوں کی آمد و رفت کے لیے کھلا ہے، تاہم اس کے لیے ایرانی بحریہ کے ساتھ تعاون اور کوآرڈینیشن لازمی ہوگی، تہران کا مقصد تجارتی راستوں کو بند کرنا نہیں ہے، تمام تجارتی جہاز اس اہم بحری گزرگاہ کو استعمال کر سکتے ہیں بشرطیکہ وہ ایرانی بحری افواج کے ساتھ مکمل تعاون رکھیں۔بتایا گیا ہے کہ عباس عراقچی ان دنوں بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں موجود ہیں جہاں وہ برکس تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں، ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر بحری راستوں کی حفاظت اور ایران کے علاقائی اثر و رسوخ پر بحث جاری ہے کیوں کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت، بالخصوص تیل کی ترسیل کے لیے دنیا کی اہم ترین گزرگاہوں میں سے ایک ہے، اور ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ایرانی نیوی سے مکمل تعاون رکھیں تو تمام تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرسکتے ہیں،عباس عراقچی