رپورٹ: نظام الدین
مورخہ 19 مئی 2026 کو Karachi Development Authority کے دفتر میں ماجد ایڈوکیٹ، جناب ارشد بھائی اور راقم الحروف نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آصف جان صدیقی سے ان کے دفتر میں ایک مختصر مگر اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کراچی بالخصوص لائینز ایریا ری ڈویلپمنٹ پروجیکٹ (لارپ) کو درپیش مسائل، منصوبے میں غیر متعلقہ افراد کی مداخلت اور عوامی شکایات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی آصف جان صدیقی نے تمام معاملات کو غور سے سنا اور یقین دہانی کروائی کہ آئندہ ملاقات میں لائینز ایریا کے دیرینہ مسائل کے حل کے حوالے سے مثبت پیش رفت اور خوشخبری سامنے لائی جائے گی۔ ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے میں غیر متعلقہ عناصر کی مداخلت نہ صرف منصوبے کی شفافیت کو متاثر کرتی ہے بلکہ عوامی اعتماد کو بھی مجروح کرتی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے مجموعی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ شہر اب صرف انتظامی بحران کا شکار نہیں بلکہ ایک ایسے مسلسل جمود میں داخل ہو چکا ہے جہاں شہری مسائل معمول کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی جیسے بنیادی مسائل پر شہریوں کی خاموشی نے ایک خطرناک صورتحال پیدا کر دی ہے، جہاں ریاستی ادارے بھی عوامی ردعمل سے بے نیاز دکھائی دیتے ہیں۔
ملاقات میں اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ شہری گھر سے نکلتے وقت ذہنی طور پر خود کو ممکنہ واردات کے لیے تیار رکھتے ہیں۔ موبائل فون اور نقدی چھن جانا اب ایک معمول بنتا جا رہا ہے، جبکہ متوسط طبقہ شدید معاشی اور نفسیاتی دباؤ کا شکار ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بڑی تعداد ملک چھوڑنے کو ہی اپنے مستقبل کا واحد راستہ سمجھنے لگی ہے، جس کے باعث شہر کا باصلاحیت طبقہ تیزی سے بیرون ملک منتقل ہو رہا ہے۔
شرکاء نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ کراچی، جو کبھی روشنیوں اور مواقع کا شہر کہلاتا تھا، آج مختلف مفادات کی کشمکش میں تنہا کھڑا دکھائی دیتا ہے۔ سیاسی و انتظامی حلقے شہر سے وسائل تو حاصل کرتے ہیں مگر اس کے بنیادی مسائل کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ اقدامات دکھائی نہیں دیتے۔
ملاقات کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ اگر شہری، سول سوسائٹی اور متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر سنجیدہ کردار ادا کریں تو کراچی کو موجودہ بحرانوں سے نکالنا اب بھی ممکن ہے۔
کراچی کے مسائل اور لائینز ایریا ری ڈویلپمنٹ پروجیکٹ پر ڈی جی کے ڈی اے سے ملاقات
