بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا ایکشن؛ فتنہ الہندوستان کے خودکش حملہ آور سمیت 8 دہشت گرد ہلاک

دونوں کامیاب کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں؛ آئی ایس پی آر اعلامیہ


راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2026ء) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دو کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ مسلح افواج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلا آپریشن ضلع خاران میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ اس کارروائی میں متعدد دیگر دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع مستونگ میں عمل میں لایا گیا جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک خفیہ ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خودکش حملہ آور سمیت فتنہ الہندوستان کے پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر سے معلوم ہوا ہے کہ ان دونوں کامیاب کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں، علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن تفتان اور قریبی بیلٹس میں تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی دوسرے ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ آئی ایس پی آر نے اپنے بیانیہ میں اس عزم کو دہرایا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز مادرِ وطن سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں، ملک دشمن عناصر کے خلاف ‘عزمِ استحکام وژن’ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی یہ مہم پوری قوت، رفتار اور تندہی کے ساتھ جاری رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *