فا موٹرز کا کنیکشن بلاک، راجوانی ڈینمز ملز کے کنیکشن اور چیمبرز سیل، چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز
کراچی(نمائندہ خصوصی شمس تبریزی)
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے واجبات کی عدم ادائیگی کرنے والے کمرشل اور صنعتی صارفین کے خلاف ریکوری مہم تیز کرتے ہوئے متعدد اداروں کے پانی کے کنیکشنز بلاک اور تنصیبات سیل کر دیں۔ واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق فا موٹرز پر تقریباً 1 کروڑ 32 لاکھ 43 ہزار روپے کے واجبات بقایا تھے۔ متعدد نوٹسز اور یاد دہانیوں کے باوجود ادائیگی نہ ہونے پر ادارے کا پانی کا کنیکشن بلاک کر دیا گیا۔ اسی طرح راجوانی ڈینمز ملز پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ واٹر کارپوریشن کے ریکارڈ کے مطابق مذکورہ ادارہ تقریباً 2 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نادہندہ ہے اور سال 2023 سے پانی و سیوریج کے واجبات ادا نہیں کر رہا تھا۔ بارہا نوٹسز کے باوجود بقایا جات جمع نہ کرانے پر ادارے کے پانی کے کنیکشن بلاک کرنے کے ساتھ متعلقہ چیمبرز بھی سیل کر دیے گئے۔ واٹر کارپوریشن نے سیکٹر 28 لانڈھی ٹاؤن میں بھی مختلف کمرشل اور صنعتی نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے کنیکشنز بلاک کر دیے۔ چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز نے کہا کہ ادارہ مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور واجبات کی وصولی یقینی بنانے کے لیے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانی و سیوریج کے واجبات کی بروقت ادائیگی تمام صارفین کی قانونی ذمہ داری ہے اور عدم ادائیگی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کنیکشن منقطع کرنے، تنصیبات سیل کرنے اور دیگر قانونی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کمرشل، صنعتی اور گھریلو صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بقایا واجبات فوری طور پر ادا کریں تاکہ کسی بھی قانونی یا انتظامی کارروائی سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکوری مہم شہر بھر میں جاری رہے گی اور بڑے نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ ادارے کے مالی استحکام اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
