دارالعلوم مرکز احسان مصطفیٰ گڑھ شریف میں یومِ عاشورہ پر عظیم الشان سبیلِ زہراؓ، لنگرِ حسینی اور کھیر تقسیم کی گئی سید وسیم حسین شاہ بخاری

سیالکوٹ (قاری خواجہ صاحب) دارالعلوم مرکز احسان مصطفیٰ گڑھ شریف سیالکوٹ میں یومِ عاشورہ کے موقع پر شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت عظیم الشان سبیلِ زہراؓ “دے پثراں دی”، لنگرِ حسینی اور کھیر کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا، جس میں ہزاروں عاشقانِ اہلِ بیتؓ نے شرکت کی۔دارالعلوم کے مہتمم، آلِ نبیؐ و اولادِ علیؑ، حضرت علامہ مولانا پیر سید وسیم حسین شاہ بخاری نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی 9 اور 10 محرم الحرام کو عوام الناس کی خدمت اور شہدائے کربلا کی یاد میں دو روزہ عظیم الشان سبیلِ زہراؓ کا انعقاد کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ دو روزہ پروگرام کے دوران تقریباً 200 من دودھ کی سبیل ہر خاص و عام کے لیے بلا تفریق جاری رہی۔ اس کے علاوہ شرکاء اور زائرین کی تواضع کے لیے لنگرِ حسینی کا وسیع انتظام کیا گیا جبکہ 25 من کھیر بھی تقسیم کی گئی، جس سے ہزاروں افراد مستفید ہوئے۔حضرت پیر سید وسیم حسین شاہ بخاری نے بتایا کہ اس روحانی اور فلاحی خدمت کی سرپرستی حضرت پیر سید خالد حسین شاہ نے فرمائی، جبکہ 200 سے زائد رضاکاروں نے انتہائی نظم و ضبط، خلوص اور جذبۂ خدمت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا ہمیں صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے، اور ایسے اجتماعات نئی نسل میں محبتِ اہلِ بیتؓ، اخوت، رواداری اور دینی شعور کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے فیوض و برکات سے امتِ مسلمہ کو امن، اتحاد اور خوشحالی عطا فرمائے۔ آمین۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *