ترتیب نظام الدین
کیا آپ جانتے ہیں کہ تاریخ کی ایک بہت بڑی تبدیلی کسی حیرت انگیز ایجاد سے نہیں، بلکہ محض پانچ ہندسوں کے ایک سادہ سے نظام سے شروع ہوئی تھی؟ ان ہندسوں کی اصل حقیقت اور اہمیت سمجھنے کے لیے ہمیں 1963ء سے پہلے کے امریکہ کا رخ کرنا ہوگا۔ اس دور میں امریکہ میں ڈاک کا حجم غیر معمولی تیزی سے بڑھ رہا تھا۔ ہر روز لاکھوں خطوط اور پارسل ملک کے طول و عرض میں روانہ کیے جاتے تھے، لیکن محض شہر کا نام لکھ دینا کافی ثابت نہیں ہو رہا تھا۔ سب سے بڑا مسئلہ یہ تھا کہ کئی مختلف ریاستوں میں ایک ہی نام کے متعدد شہر موجود تھے، جس کی وجہ سے خطوط اکثر غلط مقامات پر پہنچ جاتے یا ہفتوں راستے میں ہی رکے رہتے۔
اس الجھے ہوئے نظام کو سلجھانے کے لیے یکم جولائی 1963ء کو پانچ ہندسوں پر مشتمل ایک نیا کوڈ متعارف کرایا گیا، جسے ZIP Code (زپ کوڈ) کا نام دیا گیا۔ یہ ایک ایسا منصوبہ تھا جس کا مقصد ڈاک کی ترسیل کو پہلے سے کہیں زیادہ تیز، منظم اور مؤثر بنانا تھا۔
اس نظام کے تحت ہر علاقے کو ایک منفرد پانچ ہندسوں کا نمبر الاٹ کر دیا گیا۔ اب جیسے ہی ڈاک کی چھانٹی کرنے والی مشین یا عملہ اس نمبر کو دیکھتا، وہ فوری طور پر سمجھ جاتا کہ یہ خط کس مخصوص ریاست، شہر اور محلے کا ہے۔ اس سے ڈاک کی درجہ بندی انتہائی آسان ہو گئی اور خطوط ریکارڈ وقت میں اپنی منزل تک پہنچنے لگے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ابتدا میں بہت سے لوگوں کو یہ نیا نظام پسند نہیں آیا؛ انہیں لگتا تھا کہ ایک اور نمبر یاد رکھنا محض ایک غیر ضروری زحمت ہے۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ جب لوگوں نے اس کی افادیت دیکھی، تو یہ نظام پورے امریکہ کی ضرورت بن گیا۔ آج امریکہ میں ہزاروں زپ کوڈز استعمال ہو رہے ہیں جن کی بدولت روزانہ کروڑوں خطوط اور پارسل درست پتوں تک پہنچتے ہیں۔ بعد ازاں، اسی کامیاب تصور کو دنیا کے دیگر ممالک نے بھی اپنایا۔
امریکہ کے ٹھیک 25 سال بعد، پاکستان نے بھی اس جدید نظام کی اہمیت کو تسلیم کیا اور یکم جنوری 1988ء کو ملک بھر میں پانچ ہندسوں پر مشتمل پوسٹل کوڈ کا نظام نافذ کر دیا۔ آج کے دور میں ہم روزانہ کسی نہ کسی مقصد کے لیے اپنا پتہ لکھتے ہیں۔ کبھی کوئی سرکاری فارم بھرنا ہو، کبھی بینک کی دستاویزات، کبھی آن لائن خریداری کرنی ہو یا کسی عزیز کو خط یا پارسل بھیجنا ہو، پتہ لکھنا ہماری ضرورت ہے۔ مگر اس پتے کا ایک اہم ترین حصہ ایسا ہے جسے ہم میں سے اکثر لوگ نظر انداز کر دیتے ہیں، اور وہ ہے پوسٹل کوڈ۔ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی شہ رگ ہے، جہاں سینکڑوں آبادیاں، ٹاؤنز اور رہائشی کالونیاں موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں کے ہر علاقے کا اپنا ایک الگ، منفرد پانچ ہندسوں کا پوسٹل کوڈ مقرر ہے، تاکہ ڈاک، پارسل اور دیگر ضروری دستاویزات کم سے کم وقت میں اور بغیر کسی ابہام کے درست مقام تک پہنچ سکیں۔ بہت سے لوگ پتے کے آخر میں صرف “کراچی” لکھ دینا ہی کافی سمجھتے ہیں، حالانکہ درست پوسٹل کوڈ درج کرنے سے پاکستان پوسٹ، نجی کورئیر کمپنیوں اور آن لائن خریداری کرنے والی ویب سائٹس کے لیے منزل کا تعین کرنا انتہائی آسان ہو جاتا ہے۔ اس چھوٹی سی احتیاط سے ڈاک کی گمشدگی یا تاخیر کے امکانات تقریباً ختم ہو جاتے ہیں۔
اگر آپ کو اپنے علاقے کا پوسٹل کوڈ معلوم نہیں، تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ پاکستان پوسٹ نے اس کے لیے ایک آسان ڈیجیٹل سہولت فراہم کر رکھی ہے۔ آپ درج ذیل لنک پر جا کر صرف اپنے علاقے کا نام درج کریں اور چند لمحوں میں متعلقہ پوسٹل کوڈ معلوم کر لیں آج کے اس ڈیجیٹل اور تیز ترین دور میں درست پوسٹل کوڈ صرف روایتی ڈاک کی ترسیل کے لیے ہی اہم نہیں ہے، بلکہ بینکنگ امور، ای کامرس، سرکاری ریکارڈ کے اندراج اور مختلف آن لائن خدمات کے لیے بھی ایک بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔ آئیے، آج سے ہم سب اپنی ایک چھوٹی سی عادت بدلیں۔ جب بھی کہیں اپنا پتہ تحریر کریں، اس کے ساتھ اپنے علاقے کا درست پوسٹل کوڈ درج کرنا کبھی نہ بھولیں۔ بظاہر یہ صرف پانچ سادہ سے ہندسے ہیں، مگر یہی ہندسے آپ کی ڈاک اور پارسلز کو تیزی، درستگی اور اعتماد کے ساتھ ان کی منزل تک پہنچانے کے ضامن ہیں۔ https://www.pakpost.gov.pk/postcodes.php
