ترتیب نظام الدین
۱۹۸۰ء کی دہائی میں راقم الحروف نے اپنی تحریری زندگی کا آغاز ہمدرد نونہال سے شروع کیا۔ رسالے کے مدیر جناب مسعود احمد برکاتی صاحب نے ایک روز مجھ سے کہا’’نظام! صحافت کو روزگار کا ذریعہ مت بنانا اور ادب کا ساتھ کبھی مت چھوڑنا‘‘
ان کے اس مشورے نے میری زندگی پر گہرا اثر ڈالا۔ میں نے لکھنے کو اپنے شوق اور ذوق تک محدود رکھا، جب کہ روزگار کے لیے الگ راستہ اختیار کیا۔
مسعود احمد برکاتی صاحب ہمدرد نونہال میں نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے خاص شہرت رکھتے تھے۔ وہ بچوں سمیت ہر نئے لکھنے والے کی تحریر دلچسپی سے پڑھتے اور ان کے مضامین اور کہانیوں کو رسالے میں جگہ دینے کی کوشش کرتے تھے۔ اگر کسی نوآموز لکھنے والے کی تحریر میں کوئی خامی یا املا کی غلطی ہوتی تو اسے مسترد کرنے کے بجائے خود اس کی نوک پلک سنوارتے اور قابلِ اشاعت بناتے تھے۔انہوں نے رسالے میں بچوں اور نئے لکھنے والوں کے لیے خصوصی صفحات بھی مختص کر رکھے تھے، جہاں ان کی تخلیقات شائع کی جاتی تھیں۔ وہ نئے لکھنے والوں کو اپنے ہاتھ سے خطوط لکھتے، ان کی حوصلہ افزائی کرتے اور یہ مشورے بھی دیتے کہ اپنی تحریر کو مزید بہتر کیسے بنایا جا سکتا ہے۔پاکستان کے کئی نامور ادیب اور صحافی، جو آج اپنی الگ شناخت رکھتے ہیں، اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ انہوں نے بچپن میں اپنی پہلی تحریر مسعود احمد برکاتی صاحب ہی کو بھیجی تھی۔ ان کی حوصلہ افزائی نے انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔ یوں برکاتی صاحب نے صرف ایک رسالے کی ادارت نہیں کی بلکہ نئی نسل میں لکھنے پڑھنے کا ذوق پیدا کرنے اور مستقبل کے ادیبوں کی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
وہ اکثر فرمایا کرتے تھے کہ ادیب پیدائشی ہوتا ہے، اسے بنایا نہیں جا سکتا۔ اس کے اندر تخلیقی صلاحیتیں قدرت کی عطا ہوتی ہیں، جنہیں وہ اپنے مطالعے، مشاہدے اور تجربات سے جلا بخشتا ہے۔ البتہ صحافت کے میدان میں قدم رکھنے کے لیے باقاعدہ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت اہمیت رکھتی ہے۔
ان کا ایک اور خیال بھی میرے ذہن میں آج تک محفوظ ہے۔ وہ سمجھتے تھے کہ ادب انسان کو مرنے کے بعد بھی زندہ رکھتا ہے، جب کہ صحافی کو لوگ جلد بھول جاتے ہیں۔ اگر ہم ادیبوں اور صحافیوں کو ان کی وفات کے بعد ملنے والی پذیرائی کا جائزہ لیں تو اس بات کی کسی حد تک تصدیق ہوتی ہے۔ادیبوں کے ناموں پر تنظیمیں قائم ہیں، ادارے کام کر رہے ہیں، ان کے یومِ وفات اور سالگرہ منائے جاتے ہیں۔ مختلف سرکاری اور غیر سرکاری عمارتیں بھی ان کے ناموں سے منسوب ہیں۔ اس کے برعکس دنیا سے رخصت ہونے والے صحافیوں کے ناموں پر نظر دوڑائیں تو کئی سوالات ذہن میں اٹھتے ہیں۔ کتنے صحافی ایسے ہیں جنہیں باقاعدگی سے یاد کیا جاتا ہے؟ کتنے صحافیوں کے ایامِ وفات منائے جاتے ہیں اور کتنے اہم ادارے یا عمارتیں ان کے نام سے منسوب ہیں؟حقیقت یہ ہے کہ اکثرصحافیوں کی یاد وقت کے ساتھ دھندلا جاتی ہے۔البتہ صحافت سے وابستہ وہ شخصیات جنہوں نے اپنے ادبی کام، شاعری، افسانہ نگاری، ناول یا کہانیوں کے ذریعے بھی اپنی شناخت قائم کی، وہ زیادہ دیر تک لوگوں کے حافظے میں زندہ رہتی ہیں۔ شاید یہی وجہ تھی کہ مسعود احمد برکاتی صاحب نئے لکھنے والوں کو ادب سے وابستہ رہنے کی تلقین کرتے تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ لکھنے والا صرف خبر یا مضمون لکھنے تک محدود نہ رہے بلکہ اپنے مطالعے، تخلیقی صلاحیت اور ادبی ذوق کو بھی پروان چڑھائے۔تاہم آج صحافت کی دنیا یکسر بدل چکی ہے۔ موبائل فون، انٹرنیٹ اور سماجی ذرائع ابلاغ نے صحافت میں ایسا انقلاب برپا کر دیا ہے جس کا چند دہائیاں پہلے تصور بھی مشکل تھا۔ اب کسی حادثے، احتجاج، سرکاری فیصلے یا سیاسی بیان کی اطلاع چند سیکنڈ میں دنیا بھر میں پھیل سکتی ہے۔ کسی خبر کو لوگوں تک پہنچانے کے لیے اب صحافی کا کسی اخبار کے دفتر جانا یا کسی ٹی وی چینل سے وابستہ ہونا ضروری نہیں رہا۔ ایک عام شہری بھی تصویر، ویڈیو یا تحریر کے ذریعے ہزاروں، بلکہ لاکھوں لوگوں تک اپنی بات پہنچا سکتا ہے۔یہ تبدیلی اپنی جگہ اہم ہے، لیکن اس نے صحافت کے حوالے سے ایک بنیادی سوال بھی پیدا کر دیا ہے: کیا معلومات دوسروں تک پہنچانے والا ہر شخص صحافی کہلانے کا حق رکھتا ہے؟یہ وہ سوال ہے جس کا جواب تلاش کرنے کے لیے آج ہمیں صحافت کے بنیادی اصولوں، تحقیق، غیر جانب داری اور خبر کی تصدیق کی اہمیت کو دوبارہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔ محض کسی واقعے کی تصویر یا ویڈیو سماجی ذرائع ابلاغ پر شیئر کر دینا صحافت نہیں۔ خبر کی حقیقت تک پہنچنا، اس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینا، متعلقہ افراد کا مؤقف حاصل کرنا اور ذمہ داری کے ساتھ اسے عوام تک پہنچانا ہی صحافت کا اصل تقاضا ہے۔آج جب ہر شخص کے ہاتھ میں موبائل فون ہے اور ہر شخص اپنی بات دنیا تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے، ایسے میں ایک پیشہ ور صحافی کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ معلومات کی فراوانی کے اس دور میں درست اور غلط خبر کے درمیان فرق کرنا، سچائی کو سامنے لانا اور عوام کا اعتماد برقرار رکھنا حقیقی صحافت کی پہچان ہے۔
مسعود احمد برکاتی صاحب کی وہ نصیحت آج بھی میرے لیے مشعلِ راہ ہے کہ لکھنے کا شوق زندہ رکھیے، ادب کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیے اور اپنی تحریر کو محض شہرت یا روزگار کا ذریعہ بنانے کے بجائے ایک ذمہ داری سمجھیے۔
ان کی یہ بات آج بھی میرے کانوں میں گونجتی ہے’’صحافت کو روزگار کا ذریعہ مت بنانا اور ادب کا ساتھ کبھی مت چھوڑنا‘‘یہ صرف ایک استاد کا اپنے شاگرد کو دیا ہوا مشورہ نہیں تھا بلکہ آنے والی نسلوں کے لکھنے والوں کے لیے بھی ایک قیمتی پیغام تھا۔دراصل لکھنا اور بولنا دو الگ الگ شعبے ہیں۔ لکھنے والے کو یہ سہولت حاصل ہوتی ہے کہ وہ اپنی تحریر بار بار پڑھ سکتا ہے، اس میں اصلاح کر سکتا ہے، غیر ضروری الفاظ حذف کر سکتا ہے اور اپنی بات کو بہتر انداز میں پیش کر سکتا ہے۔ لیکن بولنے کے دوران کہے گئے الفاظ واپس نہیں لیے جا سکتے۔ اگر کوئی شخص سوچے سمجھے بغیر بول دے تو بعض اوقات اسے اپنے الفاظ کی بھاری قیمت بھی چکانا پڑ سکتی ہے۔اسی لیے میری رائے میں بولنے سے پہلے لکھ لینا زیادہ بہتر ہے۔ تحریر انسان کو سوچنے، سمجھنے اور اپنی بات کو پرکھنے کا موقع دیتی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ایک اچھا مقرر بننے کے لیے بھی مطالعہ اور تحریر کی مشق ضروری ہے۔مسعود احمد برکاتی صاحب نے مجھے صرف لکھنے کا ہنر نہیں سکھایا بلکہ یہ بھی سمجھایا کہ لکھنے والے کی اصل پہچان اس کے الفاظ، اس کا مطالعہ، اس کا ادبی ذوق اور اس کی فکری دیانت ہوتی ہے۔
وقت گزر جاتا ہے، لوگ رخصت ہو جاتے ہیں، مگر اچھے اساتذہ کی نصیحتیں اور ان کے دیے ہوئے سبق ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ میرے لیے مسعود احمد برکاتی صاحب کی شخصیت بھی ایسی ہی ایک روشن یاد ہے، جس کی روشنی آج بھی میرے قلم کا راستہ متعین کرتی ہے۔
