بلوچستان میں جمعیت علماء اسلام کی فقیدالمثال عوامی پذیرائی؛ مولانا عبد الواسع کی قیادت میں طوفانی عوامی کانفرنسز کا سلسلہ جاری!

تحریر : محمد حنیف کاکڑ راحت زئی

جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر، محسنِ جمعیت اور سینیٹر حضرت مولانا عبد الواسع صاحب کی قیادت میں صوبے بھر میں طوفانی عوامی کانفرنسز کا سلسلہ پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ ضلع چمن، ضلع عبداللہ، ضلع پشین، ضلع قلعہ سیف اللہ اور ضلع ژوب میں کامیاب اور فقیدالمثال اجتماعات کے بعد آج ضلع موسیٰ خیل میں بھی ایک عظیم الشان عوامی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ ان تمام اجتماعات میں عوام کی والہانہ شرکت، کارکنان کا بے مثال جوش و جذبہ اور عوام کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر کا منظر اس حقیقت کا غماز ہے کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان میں ایک مضبوط، منظم اور نظریاتی عوامی قوت کی حیثیت رکھتی ہے۔

ان عوامی اجتماعات کی اہمیت اس تناظر میں بھی غیر معمولی ہے کہ ایک جانب قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمٰن صاحب، ان کے خاندان اور جمعیت علماء اسلام کے صوبائی و مرکزی قائدین، عہدیداران اور ذمہ داران کے خلاف بے بنیاد الزامات، من گھڑت بیانات اور منفی پروپیگنڈے کا سلسلہ جاری ہے، تو دوسری جانب جمعیت کے کارکنان کو مختلف ذرائع سے دباؤ میں لانے اور ان کے سیاسی و نظریاتی عزم کو کمزور کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔

سوشل میڈیا، ڈیجیٹل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے بعض حلقوں میں تاریخی حقائق سے ناواقف اور مخصوص مفادات کے تحت سرگرم عناصر کے ذریعے یک طرفہ میڈیا ٹرائل کی فضا پیدا کرنے کی کوششیں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ تاہم یہ حقیقت فراموش نہیں کی جانی چاہیے کہ نظریاتی تحریکیں منفی پروپیگنڈے، کردارکشی اور دباؤ کے ہتھکنڈوں سے کبھی اپنی منزل کا تعین نہیں کرتیں، بلکہ اپنے اصولی مؤقف، سیاسی بصیرت اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے اپنی شناخت برقرار رکھتی ہیں۔

جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے کارکنان، ذمہ داران اور نظریاتی ساتھی ہر قسم کی آئینی، جمہوری اور سیاسی جدوجہد کے لیے ہمہ وقت تیار، منظم اور مستعد ہیں۔ صوبائی امیر حضرت مولانا عبد الواسع صاحب کی قیادت میں صوبے کے کارکنان اپنے قائد، قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمٰن صاحب کے آئندہ لائحۂ عمل اور فیصلے کے منتظر ہیں۔ جب بھی قائد جمعیت کی جانب سے آئینی و جمہوری احتجاج، ملک گیر تحریک یا لانگ مارچ کی کال دی جائے گی، ان شاء اللہ بلوچستان کے طول و عرض سے لاکھوں کارکنان نظم و ضبط، اتحاد اور بھرپور سیاسی عزم کے ساتھ میدانِ عمل میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں گے۔

ہم بحیثیت ادنیٰ کارکن جمعیت علماء اسلام وفاقی حکومت، مقتدر حلقوں اور ان تمام قوتوں کو یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جمعیت علماء اسلام کی قیادت اور کارکنان اپنے نظریاتی تشخص، جماعتی وقار، سیاسی آزادی اور اصولی مؤقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمٰن صاحب اور تمام صوبائی و مرکزی قائدین کے ساتھ ہماری وابستگی محض سیاسی وابستگی نہیں، بلکہ ایک نظریاتی، فکری اور اصولی رشتہ ہے۔ ہم اپنے قائدین کے شانہ بشانہ ہر آئینی، جمہوری اور پُرامن جدوجہد میں ثابت قدم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

جمعیت علماء اسلام محض ایک سیاسی جماعت نہیں، بلکہ ایک نظریہ، ایک تحریک اور ایک تاریخ ساز جدوجہد کا نام ہے؛ اور نظریات کو دباؤ، پروپیگنڈے اور میڈیا ٹرائل کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *