ٹھٹہ (بيروچيف ایم اعجازچانڈیو مھرانوی)
ٹھٹہ کی بروہی برادری کے نوجوان شہید احمد امین بروہی کے چالیسویں کے موقع پر چھتوچنڈ کے قریب سدابہار میں محفلِ نعتِ شریف اور دینی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس روح پرور تقریب میں درگاہ عالیہ مشوری کے منیر احمد مشوری، ملاح رہنما دادا آدم گندرو، پاگارو کے سید الطاف حسین شاہ شیرازی، محمد ایوب ملاح، پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ٹھٹہ کے جنرل سیکریٹری امتیاز احمد قریشی، الہجڑیو برفت، ضلع کونسل ٹھٹہ کے چیئرمین عبدالحمید پنہور، سابق یوسی ناظم عبدالواحد بروہی، فتح محمد بھراڑی سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران سندھ کے نامور نعت خوانوں نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی جبکہ مولودیوں نے مولود شریف پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر خصوصی خطابات سائیں منظور احمد مشوری اور سائیں منیر احمد مشوری نے کیے۔ بعد ازاں قرآن خوانی کروائی گئی اور مرحوم کی مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر ننگر نیاز تقسیم کیا گیا۔
چالیسویں کی اس تقریب میں محمد امین بروہی اور ان کے بھائیوں کی جانب سے تعزیتیں بھی وصول کی گئیں۔ مقررین نے شہید احمد امین بروہی کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چالیس دن گزرنے کے باوجود ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وقت تھم گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہید احمد امین بروہی کبھی فراموش نہیں کیے جا سکتے اور نہ ہی ان کا خلا جلد پُر ہو سکتا ہے۔
مقررین نے کہا کہ وہ ہم سے بچھڑ ضرور گئے ہیں مگر ہمارے دلوں سے جدا نہیں ہوئے۔ آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی گئی کہ وہ شہید احمد امین بروہی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
ٹھٹہ کی بروہی برادری کے نوجوان شہید احمد امین بروہی کے چالیسویں کے موقع پر چھتوچنڈ کے قریب سدابہار میں محفلِ نعتِ شریف