جیکب آباد (رپورٹ: اے جی بلوچ) عطائی ڈاکٹر کی غفلت، غلط انجیکشن سے 9 سالہ معصوم بچی جاں بحق!
جیکب آباد کے گاؤں نور واہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں عطائی ڈاکٹر کے غلط انجیکشن لگانے سے 9 سالہ معصوم بچی ریما مریٹو جان کی بازی ہار گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا، جبکہ ورثاء نے لاش رکھ کر شدید احتجاج کیا۔
ورثاء کے مطابق بچی ریما مریٹو کو تیز بخار تھا، جس پر اسے نور واہ میں موجود عطائی ڈاکٹر دنی بخش لاشاری کے پاس لے جایا گیا۔ ڈاکٹر نے معائنہ کے بغیر انجیکشن لگا دیا، جس کے فوراً بعد بچی کی حالت بگڑ گئی اور انجیکشن کے ری ایکشن کے باعث وہ دم توڑ گئی۔
غمزدہ ورثاء نے ڈاکٹر دنی بخش لاشاری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور کہا کہ عطائی ڈاکٹروں کی وجہ سے معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں، لیکن متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ذمہ دار عطائی ڈاکٹر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور غیر قانونی کلینکس کو بند کیا جائے، تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات کا تدارک ہو سکے۔