جیکب آباد (رپورٹ:اےجی بلوچ) آرزوئے تمنائے مدینہ منورہ الحج والعمرہ کے زیرِ اہتمام ٹھٹھہ مسجد میں عمرہ قرعہ اندازی کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں غریب اور مستحق افراد کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیا گیا۔ تقریب میں دینی علماء، تنظیم کے عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی۔
اس موقع پر شکیل احمد قادری اور ماجد علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ قرعہ اندازی خصوصی طور پر اُن غریب افراد کے لیے رکھی گئی ہے جو مالی وسائل نہ ہونے کے باعث بیت اللہ شریف اور روضۂ رسول ﷺ کی حاضری کا خواب پورا نہیں کر پاتے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ قرعہ اندازی ہر ماہ کی جاتی ہے، جس میں ہر ممبر ماہانہ 1313 روپے فیس جمع کرواتا ہے۔ سارے میمبر دو سال تک فیس ادا کرنے کے پابند ہے، ہر ماہ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک خوش نصیب ممبر کو مکمل عمرہ پیکیج دیا جاتا ہے۔ تقریب کے دوران مکمل شفاف طریقے سے قرعہ اندازی کی گئی، جس کے بعد منتخب ہونے والے خوش نصیب افراد کے نام کا اعلان کیا گیا۔
ذمہ داران کا کہنا تھا کہ آرزوئے تمنائے مدینہ منورہ الحج والعمرہ کا مقصد صرف اور صرف غریب اور مستحق افراد کو عمرہ جیسی عظیم عبادت کی سعادت فراہم کرنا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔