ٹھٹہ: بیروچیف ایم اعجازچانڈیو مھرانوی
پاکستان تحریکِ انصاف یوتھ ونگ ضلع ٹھٹھہ کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس، 8 فروری کو ملک گیر شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی اپیل
گھارو میں پاکستان تحریکِ انصاف یوتھ ونگ ضلع ٹھٹھہ کے رہنماؤں نے 8 فروری کو ملک گیر شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کے سلسلے میں عوامی آگاہی مہم کے تحت پریس کانفرنس کی اور میڈیا سے گفتگو کی۔
اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف اور عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، عوامی حکومت کو ناجائز طور پر ختم کرکے عوام کے ساتھ شدید ناانصافی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی ملک میں ناانصافی عروج پر ہے۔ پارٹی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو بلاجواز جیل میں قید رکھا گیا ہے اور انہیں عوام سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
رہنماؤں نے سوال اٹھایا کہ آخر کس قانون کے تحت عمران خان کی ملاقاتیں بند کی گئی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چاہنے والے اڈیالہ جیل جائیں گے اور قانونی طریقے سے ملاقات کی کوشش کریں گے۔ وقت کی حکومت کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ جب ان کے سیاسی قائدین جیلوں میں تھے تو ان کے چاہنے والوں کو بھی شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آج عمران خان کے چاہنے والے، ٹائیگر جان نثار سمیت، اپنے قائد سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ 8 فروری کو شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کرکے عمران خان اور پاکستان تحریکِ انصاف کا ساتھ دیں۔ ان شاء اللہ یہ پُرامن احتجاج اس بات کا ثبوت ہوگا کہ آج بھی عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پریس کانفرنس میں یوتھ کونسل ضلع ٹھٹھہ کے صدر محمد رمضان میر بحر، جنرل سیکریٹری اویس جان بروہی، اسد رضا جھونو، سینئر نائب صدر رحمت اللہ بارن، تعلقہ صدر عبدالستار ناز، محمد رحیم سومرو سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔