پاکستان پیپلز پارٹی ضلع مری میں اختلافات کے خاتمے کا اعلان، ورکر کنونشن میں بھرپور شرکت

نو منتخب صدر عبدالجبار ستی اور جنرل سیکرٹری ساقب علی عباسی کی قیادت پر اعتماد، پارٹی کو نئی سمت دینے کا عزم

[ضلع مری/راشد محمود ستی] پاکستان پیپلز پارٹی ضلع مری کے زیر اہتمام ایک بڑے ورکر کنونشن اور مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کے تمام اندرونی اختلافات ختم کرنے کا اعلان کیا گیا، اجلاس کی صدارت نو منتخب صدر ضلع مری عبدالجبار ستی نے کی جبکہ جنرل سیکرٹری ثاقب علی عباسی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، ورکر کنونشن میں نوجوان جیالوں، بزرگ رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پارٹی میں جوش و خروش دیدنی تھا، سینیئر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی کارکنان کو عزت دینے اور نئی منتخب باڈی کے قیام سے پارٹی کو ایک نئی سمت میں لے جانے میں مدد ملے گی، اجلاس میں عبدالجبار ستی صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع مری، جنرل سیکرٹری ثاقب علی عباسی، سابق ایم پی اے راجہ شفقت علی عباسی، سابق صدر تحصیل مری نظیر عباسی ایڈووکیٹ، صدر پاکستان پیپلز پارٹی کوٹلی ستیاں اسد ستی، جنرل سیکرٹری راشد محبوب ستی، سینیئر نائب صدر سردار شیر باز ستی، سجاد عباسی، اخلاق عباسی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا جبکہ ضلع راولپنڈی کے نو منتخب صدر شوکت علی عباسی نے خصوصی طور پر شرکت کی، تمام مقررین نے نو منتخب قیادت کو مبارکباد دی اور پارٹی میں اتحاد و اتفاق قائم رکھنے پر زور دیا، اجلاس کے دوران ہال میں جگہ کم پڑ گئی جس پر مزید کرسیوں کا انتظام کرنا پڑا، ضلع مری اور تحصیل کوٹلی ستیاں سے صحافیوں نے بھی بھرپور شرکت کی جن میں ظاہر ستی، انجم ستی، راشد ستی، نوید ستی، امجد ستی اور دیگر شامل تھے، صدر ضلع مری عبدالجبار ستی نے صحافیوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ آئندہ تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر ورکر کنونشنز اور تنظیمی انتخابات منعقد کیے جائیں گے جن میں نظریاتی کارکنان کو ترجیح دی جائے گی، شرکاء نے اس موقع پر اس امر کا اظہار بھی کیا کہ طویل عرصے بعد پارٹی کے پرانے اور نظریاتی جیالے ایک پلیٹ فارم پر نظر آئے ہیں جس سے یہ تاثر ملا کہ اعلیٰ قیادت نے کارکنان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں پارٹی کی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *