ٹھٹہ ڈسٹرکٹ رپورٹر: ایم اعجاز چانڈیو مہرانوی
ٹھٹہ ضلع کے علاقے جنگشاہی کے قریب رن پٹھانی کے مقام پر ایک افسوسناک ریلوے حادثہ پیش آیا ہے، جہاں باؤالدین زکریا ایکسپریس سے چلتی ٹرین سے گرنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق باؤالدین زکریا ایکسپریس اپنے مقررہ روٹ پر گامزن تھی کہ اسی دوران ایک شخص توازن برقرار نہ رکھ سکا اور چلتی ریل گاڑی سے نیچے گر پڑا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی شدید زخمی ہو کر دم توڑ گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریلوے انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے، جبکہ لاش کو شناخت اور پوسٹ مارٹم کے لیے متعلقہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت کے لیے قریبی علاقوں میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں، جبکہ ریلوے حکام بھی واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس جاں بحق شخص کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو وہ قریبی پولیس اسٹیشن یا ریلوے حکام سے رابطہ کریں، تاکہ متوفی کے ورثاء تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔
رنپٹھانی کے قریب باؤالدین زکریا ایکسپریس سے گر کر ایک شخص جاں بحق