ٹھٹہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر: ایم اعجاز چانڈیو مہرانوِی)
گھارو کے قریب واقع کے ڈی اے کینال سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بارے میں ابتدائی طور پر بتایا جا رہا ہے کہ لاش تقریباً پانچ دن پرانی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی گھارو پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور مقامی افراد کی مدد سے لاش کو کینال سے باہر نکال کر اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق لاش کافی حد تک خراب ہو چکی تھی، جس کے باعث فوری طور پر شناخت ممکن نہ ہو سکی۔ ابتدائی جائزے کے دوران کسی قسم کی واضح شناختی دستاویز یا نشانی بھی نہیں ملی، جس سے متوفی کی شناخت میں مدد مل سکے۔
بعد ازاں لاش کو قانونی کارروائی کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر گھارو منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی مکمل کی گئی۔ پولیس نے شناخت کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ایدھی فاٶنڈیشن کے عملے کو طلب کیا، جبکہ بایومیٹرک ٹیم کو بھی موقع پر بلایا گیا تاکہ جدید طریقوں سے شناخت کی جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کی شناخت اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے گا۔ فی الحال واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جن میں یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا یہ حادثہ ہے، خودکشی یا کسی مجرمانہ کارروائی کا نتیجہ۔
آخری اطلاعات تک لاش کی شناخت نہیں ہو سکی تھی، جس کے بعد لاش کو مزید کارروائی اور شناخت کے لیے ایدھی فاٶنڈیشن کراچی سینٹر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے عزیز و اقارب لاپتہ ہیں تو وہ فوری طور پر گھارو پولیس یا ایدھی حکام سے رابطہ کریں تاکہ لاش کی شناخت میں مدد مل سکے۔
گھارو کے قریب واقع کے ڈی اے کینال سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد