کراچی کو پینے کا پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی واٹر لائن نمبر پانچ ایک ہفتے کے اندر دوبارہ پھٹ گئی، جس کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔

ٹھٹہ ڈسٹرکٹ رپوٹر: ایم اعجاز چانڈیو مہرانوی
دھابیجی:
ذرائع کے مطابق دھابیجی کے علاقے میں قائم اس اہم واٹر لائن کے پھٹنے سے نہ صرف مقامی آبادی متاثر ہوئی ہے بلکہ کراچی کی بڑی آبادی بھی شدید پانی کی قلت کا شکار ہے۔ شہریوں کو پینے کے پانی کے حصول میں سخت مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ روزمرہ زندگی، تجارتی اور گھریلو سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
واٹر بورڈ کے متعلقہ افسران کا کہنا ہے کہ بجلی کی بار بار خرابی اور بریک ڈاؤن کے باعث پمپنگ سسٹم متاثر ہوتا ہے، جس سے لائنوں میں دباؤ بڑھ جاتا ہے اور وہ پھٹ جاتی ہیں۔ افسران کے مطابق ایک ہی مہینے کے دوران یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں بجلی کی خرابی کے سبب 72 انچ کی واٹر لائن کو نقصان پہنچا ہے۔
واٹر بورڈ حکام نے مزید بتایا کہ مرمتی کام کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں اور لائن کی مرمت کے بعد پانی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کی جائے گی، تاہم مکمل بحالی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
دوسری جانب شہری حلقوں نے واٹر بورڈ اور بجلی فراہم کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنایا جائے تاکہ بار بار لائنوں کے پھٹنے اور پانی کی بندش جیسے مسائل سے نجات حاصل کی جا سکے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ دنوں میں کراچی کو شدید پانی کے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *