متنازع ٹویٹس کیس، ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کو 10،10 سال قید کی سزا

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازع ٹویٹس کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو دس، دس سال قید کی سزا سنا دی۔

ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کمرہ عدالت میں مختصر فیصلہ سنایا، دونوں ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے کالعدم تنظیموں کے ایجنڈے کی تشہیر کی اور ریاستی اداروں کے خلاف مواد پھیلایا۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے آج عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج کے دن تک گواہان پر جرح کا حکم دے رکھا تھا، دونوں ملزمان کو دیگر مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ کے باعث بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش کیا گیا۔

پراسیکیوشن کی جانب سے بیرسٹر فہد، عثمان رانا ایڈووکیٹ اور بیرسٹر منصور اعظم عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ملزمان کی جانب سے اسٹیٹ کونسل تیمورجنجوعہ نے وکالت کی۔

پراسیکیوشن نے کیس میں مجموعی طور پر پانچ گواہان پیش کیے اور تیس صفحات سے زائد پر مشتمل چالان عدالت میں جمع کرایا۔

چالان میں ایمان مزاری اورہادی علی کی مختلف ٹویٹس کو بطور ثبوت شامل کیا گیا، جنہیں ریاست مخالف مواد قرار دیا گیا۔

اس کے علاوہ پراسیکیوشن نے ایمان مزاری کی مبینہ ریاست مخالف تقریر بھی عدالت میں پیش کی، عدالت نے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ملزمان کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سزا سنائی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *