وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی پرنٹنگ کا ضلعی بنیادوں پر شیڈول جاری کردیا
پشاور ( 31 دسمبر2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی نے صوبے بھر میں زیر التواء 1 لاکھ 17 ہزارسے زائد ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی پرنٹنگ کو ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ عوامی خدمات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ خیبرپختونخواہ نے ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی پرنٹنگ کا ضلعی بنیادوں پر شیڈول جاری کر دیا، اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام طے شدہ تاریخوں کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی ترسیل یقینی بنائے، ہزارہ ڈویژن میں ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی پرنٹنگ کا عمل جنوری 2026ء کے پہلے ہفتے میں مکمل ہوگا۔بتایا گیا ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن میں سوات، دیر اور بونیر کے زیر التواء ڈرائیونگ لائسنس کارڈز جنوری 2026ء کے وسط تک فراہم کیے جائیں گے، پشاور ڈویژن میں ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی ترسیل 23 سے 26 جنوری 2026ء تک مکمل ہوگی، کوہاٹ ڈویژن میں ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی ترسیل 29 جنوری 2026ء تک متوقع ہے، بنوں ڈویژن میں ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی فراہمی 30 جنوری 2026ء تک مکمل ہوگی، مردان اور ڈی آئی خان ڈویژن میں ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی ترسیل 30 جنوری 2026ء تک مکمل کی جائے گی۔علاوہ ازیں خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا نیا نظام متعارف کرادیا گیا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے نئے پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارک سسٹم کا افتتاح کیا، جس کے تحت گاڑی کا نمبر اب شہری کی ملکیت ہوگا، اس نظام سے ناصرف رجسٹریشن کا عمل تیز اور شفاف ہوگا بلکہ جعلی نمبر پلیٹس اور کلوننگ جیسے مسائل بھی کم ہوں گے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں تقریب کے دوران بریفنگ دی گئی کہ نئے پرسنلائزڈ رجسٹریشن نظام کے تحت گاڑی کے نمبر کی ملکیت اب شہری کے پاس ہوگی، یہ ملکیت بھی بالکل شناختی کارڈ یا موبائل نمبر کی طرح ہوگی، شہری اپنا نمبر تین سال تک بغیر کسی گاڑی پر لگائے محفوظ رکھ سکیں گے، اگر گاڑی فروخت ہو جائے تو نمبر بغیر کسی اضافی فیس کے فروخت کنندہ کے پاس برقرار رہے گا، خریدار نئے نمبر کے لیے خود درخواست دے گا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ نیا ڈیجیٹل رجسٹریشن سسٹم جعلی نمبر پلیٹس اور کلوننگ کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا اور ہمارا مقصد عوام کو آسانیاں اور ریلیف فراہم کرنا ہے، محکمہ ایکسائز کو ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے بھی آن لائن سسٹم بنایا جائے، اسی طرح منشیات کے کاروبار میں ملوث ہر شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور عوام جلد منشیات سے پاک خیبرپختونخواہ دیکھیں گے، جس کیلئے منشیات کے بڑے کاروباریوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا اور اس ناسور کا مکمل خاتمہ کریں گے۔