برفباری نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی؛ انتظامی نااہلی اور چوری نے فورٹ منرو کو کربلا بنا دیا
(ڈیرہ غازی خان (چوھدری احمد سے)
کوہ سلیمان کے دامن میں واقع تفریحی مقام فورٹ منرو اس وقت شدید ترین سردی اور برفباری کی لپیٹ میں ہے، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ اس قیامِ قیامت کے دوران مقامی آبادی پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہی ہے۔ ایک طرف قدرت کا قہر ہے تو دوسری طرف انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔
سرکاری بے حسی کا شاخسانہ:
کروڑوں روپے کے عوامی ٹیکس سے بنائی گئی “سوڑی واٹر سپلائی سکیم” عرصہ دراز سے بند پڑی ہے، جو اب انتظامی نااہلی کا نوحہ پیش کر رہی ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ بارڈر ملٹری پولیس (BMP) کی موجودگی کے باوجود کروڑوں مالیت کے قیمتی پریشر پمپس اور مشینری چوری کر لی گئی، جبکہ میلوں لمبی پائپ لائنیں کاٹ کر کوڑیوں کے دام فروخت کی جا رہی ہیں۔
عوام کا مطالبہ:
شدید برفباری اور ٹھٹھرتی سردی میں پانی کی عدم دستیابی نے انسانی بحران کو جنم دے دیا ہے۔ عوام سوال کرتے ہیں کہ اتنی بڑی چوری بی ایم پی کی ناک کے نیچے کیسے ہوئی؟ کیا یہ سب ملی بھگت کا نتیجہ ہے؟
وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر ڈیرہ غازی خان سے مطالبہ ہے کہ:
اس مجرمانہ غفلت اور قومی اثاثوں کی لوٹ مار پر فوری جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔
واٹر سپلائی سکیم کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کر کے عوام کو موت کے منہ سے بچایا جائے۔
ذمہ دار افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔